جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ پر حوثیوں کی جانب سے کسی بھی حملے کو پوری امتِ مسلمہ کے خلاف حملہ تصور کیا جائے گا۔اپنے سوشل میڈیا پیغام میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پر ہونے والے حملے نے امریکا اور مغربی ممالک کے دوہرے معیار کو ایک مرتبہ پھر نمایاں کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے انتہائی مقدس مقام اور عقیدت کا مرکز ہے، اس کی سلامتی پر حملہ پوری امت کے جذبات پر حملہ تصور ہوگا اور مسلمان اس کا بھرپور جواب دینے کے لیے متحد ہوں گے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امتِ مسلمہ سعودی عرب کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے مسلم ممالک پر زور دیا کہ موجودہ نازک صورتحال میں سعودی عرب اور حرمِ مکہ کی حفاظت کے لیے مؤثر اور نمایاں کردار ادا کریں۔جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے مطالبہ کیا کہ پاکستان مکہ مکرمہ کے تحفظ سے متعلق اپنی پالیسی اور مؤقف فوری طور پر واضح کرے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ایک مضبوط اور مؤثر اسلامی بلاک کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ محسوس ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کے لاکھوں کارکن سعودی عرب کو درپیش صورتحال پر گہرے دکھ اور تشویش میں شریک ہیں۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔