کراچی: پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی ریلیف اسکیم کے طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسکیم کے تحت صارفین کو پیٹرول فراہم کرنے سے انکار کردیا۔کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران پی پی ڈی اے کے وائس چیئرمین انوار کمال نے کہا کہ ریلیف اسکیم تیار کرتے وقت پیٹرولیم ڈیلرز کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔
، جبکہ موجودہ طریقہ کار کے تحت اسکیم پر عمل درآمد ڈیلرز کے لیے دشوار ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا طریقہ کار براہ راست، شفاف اور آسان بنایا جائے۔ انوار کمال کے مطابق مہنگائی کے باعث ڈیلرز کا سرمایہ پہلے ہی شدید دباؤ کا شکار ہے، جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے اربوں روپے کی ادائیگیاں بھی تاحال زیرِ التوا ہیں۔
پی پی ڈی اے کے وائس چیئرمین نے کہا کہ حکومتی ریلیف اسکیم کی مالی ذمہ داری ڈیلرز پر عائد کرنا قابلِ قبول یا قابلِ عمل نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیلرز اپنے مارجن میں اضافے کا مطالبہ کر رہے ہیں اور جب تک طریقہ کار واضح نہیں کیا جاتا، موجودہ اسکیم کے تحت پیٹرول فراہم نہیں کیا جائے گا۔
انوار کمال نے سوال اٹھایا کہ حکومت کی جانب سے فراہم کیے جانے والے سستے پیٹرول کی رقم ڈیلرز کو کس طریقے سے واپس ادا کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ایسوسی ایشن گزشتہ تین روز سے حکومت سے رابطے میں ہے، تاہم ابھی تک حکام کی جانب سے کوئی واضح جواب موصول نہیں ہوا۔