راولپنڈی: خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں اور جھڑپوں کے دوران 10 خوارج ہلاک جبکہ پاک فوج کے 6 اہلکار شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 15 سے 17 ستمبر کے درمیان صوبے میں مختلف مقامات پر سکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی گئی، جس کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج ہلاک ہوگئے، جبکہ ضلع ہنگو میں کی جانے والی ایک اور کارروائی کے دوران مزید 4 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 17 ستمبر کو سکیورٹی فورسز کے ایک قافلے کو بارودی سرنگ کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 6 جوان جان کی بازی ہار گئے۔ترجمان کے مطابق کارروائیوں کے دوران ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں موجود دیگر ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے جوانوں کی قربانیاں ملک کی سلامتی اور دفاع کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔