اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 21.4 ارب ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاشی ٹیم کی مسلسل محنت اور مؤثر پالیسیوں کے نتائج ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت میں آنے والی بہتری حکومتی معاشی اقدامات کا ثمر ہے، جبکہ زرمبادلہ ذخائر کا تاریخی سطح تک پہنچنا معاشی استحکام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
شہباز شریف کے مطابق ترسیلاتِ زر اور خدمات کی برآمدات میں اضافہ، کرنٹ اکاؤنٹ کی بہتر صورتحال اور مالیاتی نظم و ضبط نے زرمبادلہ ذخائر میں اضافے میں اہم کردار ادا کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس تک دوبارہ کامیاب رسائی حاصل کی ہے، جو ملکی معیشت پر عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری کی عکاسی کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ معاشی صورتحال میں استحکام سے پاکستان کی بیرونی ادائیگیوں کی صلاحیت مزید بہتر ہوگی اور عالمی سطح پر معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ملک کی استعداد میں اضافہ ہوگا۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ عالمی اعتماد میں اضافے کے نتیجے میں ملک میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، حکومتی معاشی ٹیم اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی کوششوں کو بھی سراہا۔