کوہاٹ: پولیس لائنز دھماکے سے متعلق بم ڈسپوزل یونٹ کی تفصیلی رپورٹ سینٹرل پولیس آفس کو ارسال کر دی گئی ہے، جس میں دھماکے کے مرکز، استعمال ہونے والے بارودی مواد اور حملے سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آئی ہیں۔رپورٹ کے مطابق ماہرین نے دھماکے کے مقام کا تعین کرتے ہوئے استعمال کیے گئے دھماکا خیز مواد کی نوعیت اور مقدار کا جائزہ لیا۔ دھماکے کے نتیجے میں بننے والے گڑھے کا ظاہری قطر 6.6 بائی 11 فٹ جبکہ گہرائی 4.6 فٹ ریکارڈ کی گئی۔
بم ڈسپوزل یونٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دھماکے میں مجموعی طور پر 869 کلوگرام دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا، جبکہ حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی کی ابتدائی شناخت بھی کرلی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق اسپیشل برانچ کی عمارت سے غیر پھٹا ہوا دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
گراؤنڈ فلور سے 2 آئی ای ڈیز جبکہ پہلی منزل سے ایک خودکش جیکٹ ملی، جس میں 4 آئی ای ڈیز نصب تھیں۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ دھماکے کے بعد حملہ آور پرانی پولیس لائنز کوہاٹ میں داخل ہوئے اور مسلح کارروائی کی، جبکہ بعد ازاں اسپیشل برانچ بلاک میں مضبوط مورچہ بنا کر موجود رہے۔
واضح رہے کہ 18 ستمبر کو کوہاٹ پولیس لائنز کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران خودکش حملہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت 22 افراد جاں بحق جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔