اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دے گی اور اس حوالے سے قانون کے مطابق اقدامات کیے جائیں گے۔جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد آنے کی صورت میں حکومت امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کا احتجاج ماضی میں بھی پرامن نہیں رہا، اس لیے حکومت کسی بھی صورت میں انتشار کی اجازت نہیں دے گی۔عطا تارڑ نے پی ٹی آئی بانی عمران خان کی بہنوں کی گرفتاری سے متعلق کہا کہ انہیں مبینہ طور پر امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کے خدشے کے پیش نظر مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا۔
مذاکرات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے پی ٹی آئی کی قیادت پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں فیصلہ سازی کا اختیار کس کے پاس ہے، اس بارے میں صورتحال واضح نہیں۔انہوں نے بیرسٹر گوہر کے کردار پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی میں ان کی بات نہیں سنی جاتی۔
، جبکہ دیگر رہنماؤں سے مذاکرات کے حوالے سے بھی انہوں نے شکوک کا اظہار کیا۔عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ حکومت مذاکرات کے معاملے پر پی ٹی آئی کی قیادت کے مؤقف اور بیانات کو قابلِ اعتماد نہیں سمجھتی۔