راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ اسلام آباد مارچ کے پیش نظر فیض آباد اور اس کے اطراف میں انتظامی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں، جبکہ تمام ہوٹلز بند کرا دیے گئے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق فیض آباد بس اڈے کے اطراف موجود ہوٹلز کو بند کر دیا گیا ہے، جبکہ ریسٹورنٹس اور دیگر دکانداروں کو بھی آج شام تک کاروبار بند کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فیض آباد کے مسافر خانوں اور ٹرانسپورٹ اڈوں کو بھی رات تک بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔ حکومت کی جانب سے بھی کہا گیا ہے کہ مظاہرین کو وفاقی دارالحکومت میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
دوسری جانب مقامی انتظامیہ نے بھی سیکیورٹی اور ٹریفک کے حوالے سے انتظامات شروع کر دیے ہیں۔ راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان آمدورفت کے اہم راستوں پر کنٹینرز لگا کر راستے محدود یا بند کیے جا رہے ہیں۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔