ریاض: پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ عسکری حکام کا اہم اجلاس ہوا، جس میں مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت باہمی عسکری تعاون کو مزید مؤثر بنانے اور دفاعی شراکت داری مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ترک چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلجوق اور سعودی چیف آف جنرل اسٹاف نے شرکت کی۔ملاقات کے دوران خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور سعودی عرب کو درپیش ممکنہ خطرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
شرکاء نے مکہ مکرمہ سمیت شہری اور اقتصادی بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے والے حملوں کی شدید مذمت کی۔اجلاس میں تینوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون کو وسعت دینے، انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے اور دفاعی شعبے میں باہمی روابط مزید بڑھانے کے امور پر بھی گفتگو ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق عسکری ہم آہنگی میں اضافے اور دفاعی صلاحیتوں کو مزید مربوط بنانے کے مختلف طریقوں پر بھی غور کیا گیا۔شرکاء نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے عوام اور مسلح افواج کے درمیان طویل عرصے سے قائم تعلقات اور باہمی اعتماد کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اجلاس تینوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ دفاع کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ شرکاء نے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنے پختہ عزم کا بھی اعادہ کیا۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔