پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے فضائی میزبانوں کے لیے دورانِ پرواز سگریٹ لے جانے سے متعلق نئی پابندیاں عائد کردی ہیں، خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے۔پی آئی اے کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق فضائی میزبان دورانِ ڈیوٹی اپنے ساتھ صرف ایک سگریٹ پیکٹ رکھ سکیں گے۔
جس میں زیادہ سے زیادہ 20 سگریٹ ہوں گے۔سرکلر میں واضح کیا گیا ہے کہ مقررہ حد سے زیادہ سگریٹ لے جانے والے فضائی میزبانوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، جبکہ انہیں معطل کرنے یا فلائنگ ڈیوٹی سے ہٹانے کا فیصلہ بھی کیا جا سکتا ہے۔
پی آئی اے انتظامیہ نے تمام فضائی میزبانوں کو ہدایت کی ہے کہ پرواز سے قبل ہونے والی بریفنگ کے دوران انہیں اس نئی پالیسی سے آگاہ کیا جائے تاکہ ضابطے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ملتان سے جدہ جانے والی ایک پرواز کے 5 فضائی میزبانوں کے سامان سے بڑی تعداد میں سگریٹ کے پیکٹ برآمد ہوئے تھے۔
واقعے کے بعد پانچوں فضائی میزبانوں کے خلاف پی آئی اے کے شعبہ انسانی وسائل میں تحقیقات جاری ہیں۔