وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں رکاوٹ ڈالنے اور دہشت گرد عناصر کی مبینہ معاونت کے الزامات عائد کیے ہیں۔اسلام آباد میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی، جمعیت علمائے اسلام اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دے چکی ہے۔
، تاہم ان کے بقول پی ٹی آئی کے حوالے سے دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے اسی نوعیت کا ردعمل سامنے نہیں آتا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی دہشت گرد عناصر کی سہولت کاری کر رہی ہے اور ماضی میں بھی دہشت گردی کی مبینہ پشت پناہی کرتی رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے صوبے کے موجودہ حالات کا ذمہ دار قرار دیا۔عطا تارڑ نے خیبرپختونخوا میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی موجودگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ایسی گاڑیوں کو قانونی دائرے میں لانے کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے جا رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ گاڑیاں دہشت گرد کارروائیوں میں استعمال ہونے کا خدشہ موجود ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک ہے اور پولیس اہلکاروں کی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ ان کے مطابق صوبائی حکومت کو دہشت گردی کے معاملے پر واضح مؤقف اختیار کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کی مذمت نہ کرنا قابلِ تشویش ہے اور خیبرپختونخوا حکومت کو یہ طے کرنا ہوگا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف ریاستی پالیسی کے ساتھ کھڑی ہے یا نہیں۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔