وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف مری پہنچ گئی ہیں، جہاں انہوں نے شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور مختلف اسکیموں کا جائزہ لینے کے لیے منگل کو اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور سے اسلام آباد روانہ ہوئیں، جس کے بعد وہ مری پہنچیں۔ 
اجلاس میں مری میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق وزیراعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران مریم نواز اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے درمیان مری ڈویلپمنٹ پلان کے مختلف پہلوؤں پر مشاورت بھی متوقع ہے۔
اجلاس میں مال روڈ اور جھیکا گلی چوک کی تعمیر و بحالی سے متعلق مختلف تجاویز کا بھی جائزہ لیا جائے گا، جبکہ مال روڈ ہل سائیڈ کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کے معاملے پر بھی غور کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف گزشتہ ایک ہفتے سے مری کے علاقے چھانگلہ گلی میں مقیم ہیں۔