پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان اقتصادی جائزے سے متعلق مذاکرات کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے، جس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف مشن کے ساتھ ورچوئل اجلاس میں شرکت کی۔ذرائع کے مطابق مذاکرات کے ابتدائی اجلاس کی سربراہی آئی ایم ایف مشن کی سربراہ آئیوا پیٹرووا نے کی، ۔
جبکہ پاکستانی معاشی ٹیم نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ بات چیت کے دوران ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلٹی (EFF) کے چوتھے جائزے کا جائزہ لیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فسیلٹی (RSF) کے تیسرے جائزے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
پاکستانی حکام نے آئی ایم ایف وفد کو ملکی معاشی صورتحال اور حالیہ اقتصادی پیش رفت سے آگاہ کیا۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے معاشی استحکام کے لیے حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات اور اصلاحات پر آئی ایم ایف حکام کو بریفنگ دی۔
مذاکرات کے دوران آئی ایم ایف پروگرام کے تحت مقرر کردہ اہداف اور ان پر اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا، جبکہ ملکی معاشی کارکردگی، مالیاتی امور اور اصلاحاتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق فریقین نے پروگرام کے اہداف کی تکمیل، آئندہ کے لائحہ عمل، محصولات میں بہتری اور مالیاتی نظم و ضبط سمیت معیشت کو مستحکم کرنے سے متعلق مختلف امور پر بھی گفتگو کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف مشن آئندہ دنوں میں پاکستانی حکام کے ساتھ معاشی اور مالیاتی اقدامات پر مزید بات چیت جاری رکھے گا۔