وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یومِ قلب کے موقع پر شہریوں کو دل کے امراض سے محفوظ رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے اور صحت مند طرزِ زندگی اختیار کرنے پر زور دیا ہے۔مریم نواز شریف نے دل کے مریضوں کے علاج میں ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی خدمات کو سراہتے ہوئے صوبے کے تمام ضلعی ہسپتالوں میں کیتھ لیبز اور کارڈیالوجی سینٹرز قائم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق صوبے کے 6 اضلاع میں قائم کیتھ لیبز کے ذریعے اب تک دل کے امراض میں مبتلا 7 ہزار 294 مریضوں کے مختلف طبی پروسیجرز کامیابی سے کیے جا چکے ہیں۔ان کے مطابق جہلم، جھنگ، وہاڑی، قصور، میانوالی اور بہاولنگر کی کیتھ لیبز میں 4 ہزار 448 مریضوں کی انجیوگرافی جبکہ 2 ہزار 763 افراد کی انجیوپلاسٹی کی جا چکی ہے۔
مریم نواز نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال قصور کی کیتھ لیب میں دو مریضوں کو عارضی پیس میکر بھی کامیابی سے لگائے گئے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے مزید 8 اضلاع میں نومبر تک جبکہ 7 اضلاع میں فروری تک کیتھ لیبز قائم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق صوبے کے ہر ڈویژن میں جدید سہولیات سے آراستہ کارڈیک سینٹرز بھی قائم کیے جائیں گے، تاکہ شہریوں کو دل کے امراض کے علاج کی بہتر سہولیات مقامی سطح پر دستیاب ہوسکیں۔