اسلام آباد: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی کی تیاری شروع کردی گئی ہے، جس کے تحت ادارے کا نام تبدیل کرکے ’سائبر پولیس‘ رکھنے اور ضلعی سطح پر سائبر پولیس اسٹیشن قائم کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ذرائع کے مطابق سائبر کرائم کی روک تھام اور تحقیقات کے لیے موجودہ عمارتوں کو سائبر پولیس اسٹیشنز میں تبدیل کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ اس کے علاوہ سائبر جرائم سے نمٹنے کے لیے پولیس اور سائبر پولیس کے درمیان مشترکہ نظام متعارف کرانے کی سفارش کی گئی ہے۔
مجوزہ نظام کے تحت ہر ضلع میں قائم سائبر پولیس اسٹیشن کی سربراہی ڈپٹی ڈائریکٹر کے بجائے ایس ایچ او کرے گا۔ بڑے اضلاع میں سائبر پولیس اسٹیشنز پر ایس پی اور ڈی ایس پی رینک کے افسران تعینات کیے جانے کی تجویز ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چھوٹے اضلاع میں سائبر پولیس اسٹیشن کی نگرانی ڈی ایس پی رینک کے افسر کے سپرد کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے کی جانب سے انتظامی تبدیلیوں سے متعلق تجاویز وزارت داخلہ کو ارسال کردی گئی ہیں، جبکہ سائبر پولیس کے نئے ڈھانچے کی حتمی منظوری وزارت داخلہ کی جانب سے دی جائے گی۔