کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ سندھ کی جغرافیائی تقسیم کے بغیر صوبے میں 6 انتظامی یونٹس قائم کیے جائیں گے۔جامعہ کراچی میں آل پاکستان متحدہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام منعقدہ مشاعرے میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے کراچی، حیدرآباد، نواب شاہ، لاڑکانہ، سکھر اور میرپورخاص کے عوام کو ان کے حقوق اور وسائل ان کی دہلیز پر میسر آسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ انتظامی یونٹس کے قیام سے جعلی ڈومیسائل کے مسئلے کے خاتمے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔فاروق ستار نے مزید کہا کہ سندھ میں اختیارات اور وسائل کو نچلی سطح تک منتقل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مختلف علاقوں کے عوام کو ترقی اور بنیادی سہولیات کے یکساں مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
ایم کیو ایم رہنما نے کراچی میں پیش آنے والے بی آر ٹی حادثے کی نیب سے تحقیقات کرانے اور جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کی تقرری کا بھی مطالبہ کیا۔