شمالی وزیرستان: سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے عیدک میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے 7 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور انہیں تباہ کر دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اہلکاروں نے فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں کا تعاقب کرتے ہوئے فیصلہ کن کارروائی کی۔
سکیورٹی حکام کے مطابق خیبر پختونخوا میں عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ دہشتگردوں کے ٹھکانوں کے خلاف مؤثر اقدامات کے ذریعے ان کی سرگرمیوں کا دائرہ محدود کیا جا رہا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں گی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان کے علاقے عیدک میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔محسن نقوی نے کہا کہ کارروائی میں 7 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا، جبکہ دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی کامیابیاں قابلِ تحسین ہیں اور ملک کے دفاع کے لیے خدمات انجام دینے والے اہلکار پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔