وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ پاکستان پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بڑھانے اور بجلی کی پیداوار میں اضافے کے لیے روسی کمپنیوں کے تعاون کا خواہاں ہے۔روسی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر توانائی اور پاک روس بین الحکومتی کمیشن کے شریک چیئرمین اویس لغاری کا کہنا تھا کہ پاکستان روس کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس خطے سمیت عالمی سطح پر پاکستان کے اہم شراکت داروں میں شمار ہوتا ہے۔
اویس لغاری نے زور دیا کہ روسی کمپنیاں پاکستان میں پانی ذخیرہ کرنے کے منصوبوں اور بجلی کی پیداوار کے شعبے میں تعاون کریں تاکہ توانائی کے شعبے میں ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مختلف عالمی فورمز پر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقاتیں کی ہیں۔
ان کے مطابق دونوں ممالک کی قیادت باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے میں دلچسپی رکھتی ہے۔وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور روس کے درمیان قریبی تعاون نہ صرف دوطرفہ تعلقات کے فروغ بلکہ علاقائی امن، سلامتی اور معاشی ترقی کے لیے بھی اہمیت رکھتا ہے۔