وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک میں نظام کو ری سیٹ کرنے کی سمت پیش رفت جاری ہے، اور اس عمل کے بعد حالات میں بہتری آئے گی۔لاہور چیمبر آف کامرس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ملک کو ری سیٹ کرنے کے لیے کاروباری برادری کا تعاون ضروری ہے۔ ان کے مطابق جب تک تاجر اور صنعتکار ساتھ نہیں دیں گے، مطلوبہ تبدیلی ممکن نہیں ہوگی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ملکی معیشت کی بہتری کے لیے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران مختلف اشیا اپنے ملک میں تیار کرسکتا ہے تو پاکستان بھی اس سمت میں آگے بڑھ سکتا ہے۔محسن نقوی نے زور دیا کہ برآمدات بڑھانے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے اور پاکستان کو دیگر ممالک کے تجربات سے بھی سیکھنا چاہیے۔
انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس کے مسائل حل کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کاروباری طبقے کو درپیش مشکلات دور کرنے کے لیے تیار ہے۔وزیر داخلہ نے مزید بتایا کہ حکومت گزشتہ چند ماہ سے بزنس پاسپورٹ پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد وزیراعظم کے سامنے ایسا بزنس پاسپورٹ پیش کیا جائے گا جس کے ذریعے کاروباری افراد کو درپیش مشکلات کم ہوسکیں گی۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔