پشاور: خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں گیس چوری کے باعث مالی سال 2025-26 کے دوران 4 ارب 29 کروڑ 40 لاکھ روپے کا نقصان ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں گیس نقصانات کی شرح میں تقریباً 3.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جنوبی اضلاع میں ہر ماہ اوسطاً 35 کروڑ 78 لاکھ روپے اور یومیہ تقریباً ایک کروڑ 18 لاکھ روپے مالیت کی گیس چوری یا ضیاع ہو رہا ہے۔گیس حکام کا مؤقف ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے مطلوبہ تعاون نہ ملنے کے باعث گیس چوری پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
حکام نے دعویٰ کیا کہ بعض سیاسی رہنماؤں کی مبینہ سرپرستی کے باعث غیر قانونی گیس کنکشنز اور چوری کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔دوسری جانب کرک کے علاقے نشپا کے قریب گیس پائپ لائن سے مبینہ غیر قانونی کنکشن لینے کی کوشش کے دوران دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں بچوں سمیت متعدد افراد شدید زخمی ہوگئے۔
حکام کے مطابق گیس چوری کی روک تھام اور لائن لاسز میں کمی کے لیے مؤثر اقدامات اور متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون ضروری ہے۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔