پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری نے صوبے کی امن و امان کی صورتحال سے متعلق ابھی تک ان سے کوئی رپورٹ طلب نہیں کی۔جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ صدر کی جانب سے رپورٹ طلب کیے جانے پر وہ تمام تفصیلات سفارشات کے ساتھ پیش کر دیں گے۔
ان کے مطابق صوبے میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش نہیں، جبکہ خیبرپختونخوا حکومت اس معاملے پر وفاقی حکومت کے ساتھ مطلوبہ تعاون نہیں کر رہی۔دوسری جانب پشاور میں گورنر فیصل کریم کنڈی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں صوبے کو دہشت گردی سے محفوظ رکھنے کے لیے آئینی کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
گورنر ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق اگر صدر اور وزیراعظم صوبے میں گورنر راج یا ایمرجنسی کو ضروری سمجھتے ہیں تو گورنر ہاؤس آئین کے مطابق اپنا کردار ادا کرے گا۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں آئی جی خیبرپختونخوا نے صوبے میں پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر پولیس کو الرٹ رکھنے سے آگاہ کیا۔ حکام کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی بھی تیار کرلی گئی ہے۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔