وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ایک بہترین استاد نہ صرف طلبہ کی تعلیم و تربیت کرتا ہے بلکہ معاشرے میں مثبت تبدیلی کی بنیاد بھی رکھتا ہے۔اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے معلمِ اعظم حضرت محمد ﷺ پر کروڑوں درود و سلام بھیجا اور ملک بھر بالخصوص پنجاب کے اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہ اپنے قابل احترام اساتذہ سمیت ہر استاد کو سلام پیش کرتی ہیں اور ٹیچرز ڈے پر صوبے کے لاکھوں اساتذہ کی محنت، اخلاص اور لگن کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ استاد کا مقام اور مرتبہ ہمیشہ قابل احترام رہے گا، جبکہ شفیق اساتذہ کے لیے عزت و احترام کا جذبہ آج بھی دلوں میں موجود ہے۔مریم نواز نے کہا کہ اساتذہ معاشرے کے انتہائی معتبر طبقے میں شمار ہوتے ہیں۔ ایک استاد اپنے طالب علم کو ترقی کی بلندیوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
اچھا معلم صرف کتابی علم تک محدود نہیں رہتا بلکہ طلبہ کو ادب، اخلاقی اقدار اور معاشرتی روایات سے بھی آگاہ کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک اچھا استاد معاشرے میں تعمیری اور مثبت تبدیلیوں کی بنیاد رکھ سکتا ہے۔ حکومت پنجاب معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے صوبے بھر میں مختلف اقدامات کر رہی ہے۔
، جن میں نواز شریف اسکول آف ایمننس جیسے پروگرام بھی شامل ہیں۔وزیراعلیٰ کے مطابق طلبہ کو جدید علوم اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے لیے پرائمری سطح پر تعلیم میں مصنوعی ذہانت (AI) متعارف کرانے پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے انہیں انگریزی بول چال، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جدید تدریسی طریقوں سے متعلق مفت تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔