ڈیرہ اسماعیل خان: خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے فتنۃ الخوارج کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا، جس کے دوران تین خارجی دہشتگرد مارے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف جاری کارروائیاں ان کے نیٹ ورکس کو کمزور کرنے میں مؤثر ثابت ہو رہی ہیں۔
سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر صدر مملکت، وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ نے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ مؤثر کارروائیوں کے ذریعے دہشتگرد نیٹ ورکس کو کمزور کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہنی چاہئیں اور بیرونی پشت پناہی سے سرگرم دہشتگردوں کے عزائم ہر صورت ناکام بنائے جائیں گے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ فتنۃ الخوارج کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں دہشتگرد نیٹ ورکس کے لیے کاری ضرب ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے عزم پر قائم ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورسز دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔