خیبرپختونخوا میں پیدا ہونے والی سیاسی، آئینی اور سیکیورٹی صورتحال پر غور کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری کے درمیان جلد ایک اور ملاقات متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں صوبے کی موجودہ صورتحال سمیت مختلف آئینی اور سیاسی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے ممکنہ نفاذ سمیت دیگر آئینی راستوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
وزیراعظم اس حوالے سے صدر مملکت اور دیگر اہم رفقا سے مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ملاقات میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے لانگ مارچ سے متعلق مؤقف اور صوبے کے داخلی معاملات بھی زیر بحث آنے کا امکان ہے، جبکہ صدر اور وزیراعظم کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں جاری سیاسی کشیدگی اور ممکنہ لانگ مارچ کے اثرات پر بھی غور کیا جائے گا۔ وفاقی حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر بھی مشاورت متوقع ہے۔اس کے علاوہ صوبے میں ممکنہ آئینی اقدامات کے قانونی، سیاسی اور انتظامی پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔