چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر موجودہ نظام کو ناکام قرار دیا جا رہا ہے تو مزید صوبے بنانے کی بات کی منطق سمجھ نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں نفرت اور تقسیم کی سیاست کو فروغ دینے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔تھرپارکر کی تحصیل اسلام کوٹ میں تھر کول بلاک ٹو کے فیز تھری منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ تھر میں ہونے والی ترقی ملک کے دیگر حصوں کے لیے بھی ایک مثال ہے۔ 
صحت اور تعلیم کے شعبوں میں نمایاں بہتری آئی ہے اور آج پورا پاکستان دیکھ رہا ہے کہ تھر کہاں سے کہاں پہنچ چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ تھر کی ترقی آئین اور اٹھارہویں ترمیم کی کامیابی کی ایک مثال ہے۔ ان کے مطابق اسلام آباد کو بھی تھر کے ترقیاتی ماڈل سے سیکھنا چاہیے، جبکہ تھر میں ملک کی کم لاگت بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بعض سیاسی عناصر کراچی میں تقسیم اور نفرت کی سیاست کو فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مخالف سیاسی جماعتیں سندھ میں بھی اسی طرز کی سیاست متعارف کرانے کی کوشش کر رہی ہیں، تاہم وہ اس مقصد میں کامیاب نہیں ہوں گی۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ تھر اور یہاں کے بچے ترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔ ان کے مطابق تھر کے بچوں کا تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانا اب ایک روایت بن چکا ہے، مگر انہیں مبارکباد دینے کے بجائے نفرت کی سیاست کو ہوا دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی سیاست کو ختم کیا جائے گا۔