وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی کو ہر صورت روکنے کیلئے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔وزیراعظم سے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے ملاقات کی، جس میں آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کے عوام کی قربانیاں قابلِ قدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی خواہش ہے کہ خیبرپختونخوا بھی ملک کے دیگر علاقوں کی طرح ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے وزیراعظم کو آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی صورتحال اور متعلقہ امور پر بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے عوام کی فلاح، ترقیاتی عمل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ترقی اور عوام کی خوشحالی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں کشمیر چوک انڈرپاس کے سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ ایک جانب حکومت ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اقدامات کر رہی ہے تو دوسری طرف لانگ مارچ کا خطرہ دوبارہ سامنے آرہا ہے۔ انہوں نے اپوزیشن پر زور دیا تھا کہ دھرنوں اور لانگ مارچ کا سلسلہ ختم کیا جائے۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔