پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مقررہ مدت میں نہ کرانے کی ایک ممکنہ وجہ سامنے آگئی ہے، جہاں محکمہ بلدیات نے دسمبر یا جنوری کے بجائے انتخابات اپریل 2027 میں منعقد کرانے کی تجویز پر غور شروع کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق محکمہ اسکول ایجوکیشن نے محکمہ بلدیات کو سفارش کی ہے کہ 15 دسمبر سے یکم جنوری کے دوران پنجاب میں سموگ اور دھند کے امکانات کے پیش نظر بلدیاتی انتخابات کی تاریخ تبدیل کی جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ بلدیات پنجاب کی جانب سے مقامی حکومتوں کے انتخابات اپریل 2027 میں کرانے کی تجویز زیرِ غور ہے۔ اس معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب کو کابینہ اجلاس میں تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کا مجوزہ شیڈول بھی کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا، تاہم انتخابات کی حتمی تاریخ وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری سے طے ہوگی۔
صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے بھی تصدیق کی ہے کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کی تاریخ میں تبدیلی کی تجویز زیرِ غور ہے۔ذیشان رفیق کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کو انتخابات دسمبر یا جنوری کے بجائے اپریل 2027 میں کرانے کی تجویز سے آگاہ کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ انتخابات کی نئی تاریخ، شیڈول اور دیگر انتظامی امور سے متعلق حتمی فیصلہ متعلقہ فورمز پر مشاورت اور منظوری کے بعد کیا جائے گا۔