بھارت کے معروف اداکار نانا پاٹیکر 75 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار کو جمعرات کی صبح گوا میں واقع ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کی۔رپورٹس کے مطابق نانا پاٹیکر گوا میں اپنے فلیٹ میں موجود تھے جہاں انہوں نے سینے میں شدید درد کی شکایت کی۔
جس کے بعد طبی امدادی ٹیم کو فوری طور پر طلب کیا گیا۔ طبی ٹیم کے پہنچنے پر اداکار بے ہوش تھے، انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹر انہیں بچانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔بھارتی میڈیا کے مطابق نانا پاٹیکر کے بیٹے ملہار پاٹیکر کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق طبی امدادی ٹیم کو اداکار کی طبیعت بگڑنے کی اطلاع ملنے کے بعد ان کی رہائش گاہ بھیجا گیا تھا۔ اسپتال پہنچنے کے بعد ڈاکٹروں نے صبح 5 بج کر 20 منٹ پر ان کی موت کی تصدیق کی۔
ابتدائی اطلاعات میں ان کی موت کو ممکنہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے جوڑا جارہا ہے، تاہم موت کی حتمی وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم کیے جانے کا امکان ہے۔نانا پاٹیکر کا اصل نام وشواناتھ پاٹیکر تھا اور وہ ہندی اور مراٹھی فلم انڈسٹری کے نمایاں اداکاروں میں شمار ہوتے تھے۔
انہوں نے 1978 میں فلمی دنیا میں قدم رکھا اور کئی یادگار فلموں میں اپنی اداکاری کے ذریعے شہرت حاصل کی۔ان کی مشہور فلموں میں ’پرندہ‘، ’کرانتی ویر‘، ’اگنی ساکشی‘، ’خاموشی: دی میوزیکل‘، ’اب تک چھپن‘ اور ’ویلکم‘ شامل ہیں۔نانا پاٹیکر کو شاندار اداکاری پر تین مرتبہ نیشنل فلم ایوارڈ سے نوازا گیا، جبکہ بھارتی حکومت نے 2013 میں انہیں پدم شری کے اعزاز سے بھی سرفراز کیا تھا۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔