اسلام آباد: وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت واجبات کی دوسری قسط جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 32 ہزار 178 عازمین حج اپنی دوسری قسط ادا کرچکے ہیں۔وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق 17 ہزار عازمین نے ون لنک کی سہولت استعمال کرتے ہوئے گھر بیٹھے آن لائن دوسری قسط جمع کرائی، جبکہ ایک ہزار 400 افراد نے بینک کارڈ اور 13 ہزار 800 عازمین نے مینول بینک چالان کے ذریعے ادائیگی کی۔
ترجمان کے مطابق ڈیجیٹل حج پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے آن لائن ادائیگی کرنے والے عازمین کا تناسب 57 فیصد سے تجاوز کرگیا ہے، جبکہ دوسری قسط کی مد میں مجموعی طور پر 20.5 ارب روپے وصول کیے جاچکے ہیں۔وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ سرکاری حج اسکیم کے تحت دوسری قسط جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔
عازمین نیشنل آئی ٹی بورڈ کے حج پورٹل کے ذریعے ون لنک، بینک کارڈ یا مینول بینک چالان کے ذریعے واجبات ادا کرسکتے ہیں۔ترجمان کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے ایک لاکھ 3 ہزار عازمین اپنے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹس حج پورٹل پر اپ لوڈ کرچکے ہیں۔ جن عازمین نے تاحال یہ مرحلہ مکمل نہیں کیا، انہیں پورٹل پر دستیاب میڈیکل فٹنس فارم کسی مستند ڈاکٹر سے تصدیق کراکے جمع کرانا ہوگا۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔