کراچی: قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) میں مارفین کے 3 ہزار انجکشن زائد المعیاد ہوگئے، تاہم ایک سال گزرنے کے باوجود ان کی جگہ نئے انجکشن فراہم نہیں کیے جاسکے۔دستاویزات کے مطابق این آئی سی وی ڈی نے 2023 میں مارفین کے 6 ہزار انجکشن خریدے تھے، جن کے استعمال کی آخری تاریخ نومبر 2025 مقرر تھی۔ ان میں سے 3 ہزار انجکشن زائد المعیاد ہونے کے باوجود تاحال تبدیل نہیں کیے جاسکے۔
اس حوالے سے اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مارفین کے نئے انجکشن فراہم کرنا محکمہ ایکسائز اور نارکوٹکس کی ذمہ داری ہے۔ انتظامیہ کے مطابق اسپتال کو نئے انجکشن بغیر کسی اضافی ادائیگی کے مہیا کیے جائیں گے، جبکہ ان کی خریداری اور واپسی کا عمل قانونی ضابطوں کے مطابق مکمل کیا جاتا ہے۔
این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہر صغیر کے مطابق مارفین کے انجکشن بیرون ملک سے درآمد کیے جاتے ہیں اور یہ درد میں کمی کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوا کی خریداری کا عمل پیچیدہ ہے، جس کے باعث اسپتال میں فی الحال متبادل درد کش ادویات استعمال کی جارہی ہیں۔
ڈاکٹر طاہر صغیر کا کہنا تھا کہ مارفین کے متبادل کے طور پر استعمال ہونے والی درد کش ادویات کی خریداری نسبتاً آسان ہے، اسی لیے مریضوں کے علاج میں ان ادویات سے کام لیا جارہا ہے۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔