ملتان: پاکستان ریلوے نے ملتان میں حادثے کا شکار ہونے والی رحمان بابا ایکسپریس کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ جاری کردی ہے، جس میں حادثے کی وجہ مکینیکل خرابی کو قرار دیا گیا ہے۔ابتدائی رپورٹ کے مطابق ٹرین کی لگیج کوچ کا سائیڈ ہینگر ٹوٹنے کے باعث حادثہ پیش آیا۔
ٹوٹا ہوا ہینگر ریلوے ٹریک کے ٹرن آؤٹ کراسنگ میں پھنس گیا تھا، جس سے ٹرین کی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جائے حادثہ سے ٹوٹا ہوا ہینگر بھی برآمد کرلیا گیا ہے، جو ابتدائی تحقیقات میں اہم ثبوت قرار دیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ملتان میں شیر شاہ پل کے قریب کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس حادثے کا شکار ہوئی تھی۔ حادثے کے نتیجے میں ایک بچی سمیت 7 افراد جاں بحق اور 40 مسافر زخمی ہوگئے تھے، جبکہ ٹرین کی تمام 15 بوگیاں پٹری سے اتر گئی تھیں۔
ایک مسافر کے مطابق حادثہ صبح تقریباً 5 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا۔ مسافر نے یہ بھی بتایا کہ روہڑی کے قریب ٹرین کی نویں بوگی کے نٹ بولٹ درست کیے گئے تھے۔حادثے کی ابتدائی رپورٹ میں مکینیکل خرابی کی نشاندہی کی گئی ہے، تاہم حادثے کے تمام اسباب اور ممکنہ ذمہ داری کا تعین مزید تحقیقات کے بعد ہی ہوسکے گا۔