کوئٹہ: بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، اس دوران ضلع واشک کے علاقے پلانتک میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن میں 5 دہشت گرد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو جدید ہتھیاروں سے نشانہ بنایا گیا۔
، جس کے نتیجے میں متعدد دہشت گرد ہلاک و زخمی ہوئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کے بعد ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ برآمد ہونے والے سامان میں آر پی جی 7، پانچ گولے، میگزینز سمیت پانچ جدید ہتھیار، تین موبائل فون اور دو موٹر سائیکلیں شامل ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شہریوں کو لوٹنے، خوف و ہراس پھیلانے اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچانے کی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ حکام نے عزم ظاہر کیا ہے کہ صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔