لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسم سرما کی پہلی تیز بارش سے موسم سرد ہوگیا، جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث پہاڑوں اور وادیوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔لاہور میں نمازِ فجر کے بعد گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ محسوس کیا گیا۔
سیالکوٹ اور اس کے گردونواح میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ شرقپور، پنڈی بھٹیاں، حافظ آباد، سلانوالی اور بھیرہ میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ادھر آزاد کشمیر میں برفباری کا سلسلہ پہاڑی علاقوں سے شہری آبادیوں کی جانب بھی پھیل گیا۔
وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں برف پڑنے سے موسم نے نیا رنگ اختیار کرلیا، جبکہ سیاحتی مقام اڑنگ کیل برف کی سفید چادر میں ڈھک گیا۔ گریس ویلی اور شونٹھر میں بھی گزشتہ رات برفباری ریکارڈ کی گئی۔مظفرآباد اور اس کے نواحی علاقوں میں بارش کے باعث موسم سرد ہوگیا۔
وادی لیپہ، ضلع باغ اور حویلی کے بلند پہاڑی مقامات پر بھی برفباری ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی بعض علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑی خطوں میں برفباری ہونے کا امکان ہے۔چترال اور ملحقہ علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، جبکہ پہاڑوں پر موسم سرما کی پہلی برفباری کے بعد دلکش سفید مناظر دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
بارش اور برفباری کے نتیجے میں سردی کی شدت بڑھ گئی ہے اور شہریوں نے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کردیا ہے۔دوسری جانب بارش کے باعث بجلی کی فراہمی بھی بعض علاقوں میں متاثر ہوئی ہے۔ چترال میں ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے کے ساتھ دریائے چترال کے بہاؤ میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔