پنجاب کے سرکاری اور نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں تعلیمی سیشن 2026-27 کے لیے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگرامز میں داخلوں کی پالیسی جاری کردی گئی ہے، جبکہ سرکاری کالجز کی سالانہ ٹیوشن فیس کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔پالیسی کے مطابق نئے تعلیمی سیشن کے لیے داخلوں کا مرکزی عمل یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) کے تحت مکمل کیا جائے گا۔
میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کے خواہشمند امیدواروں کے لیے ایم ڈی کیٹ پاس کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔داخلوں کے میرٹ کا تعین ایم ڈی کیٹ کے 50 فیصد، ایف ایس سی کے 40 فیصد اور میٹرک کے 10 فیصد نمبروں کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلے کے لیے ایف ایس سی میں کم از کم 60 فیصد نمبر حاصل کرنا بھی ضروری ہوگا۔
داخلہ پالیسی میں واضح کیا گیا ہے کہ امیدوار کے لیے بائیولوجی اور کیمسٹری کے مضامین پاس کرنا لازمی ہے، جبکہ فزکس یا میتھمیٹکس میں سے کسی ایک مضمون میں کامیابی بھی ضروری ہوگی۔سرکاری میڈیکل کالجز میں داخلے کے لیے درخواست دینے والے امیدواروں کو تمام کالجز کی ترجیحات درج کرنا ہوں گی، تاہم نجی میڈیکل کالجز کے لیے ترجیحات کی تعداد پر کوئی حد مقرر نہیں کی گئی۔
پالیسی کے تحت میرٹ لسٹ میں نام آنے والے امیدواروں کو داخلہ فیس جمع کرانے کے لیے تین ورکنگ دنوں کی مہلت دی جائے گی۔دوسری جانب سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں اوپن میرٹ پر داخلہ لینے والے طلبہ کے لیے سالانہ ٹیوشن فیس 50 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔