اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کے دوران گرفتار کارکنان کو عدالتی ریلیف مل گیا۔ انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے تمام گرفتار کارکنان کو متعلقہ مقدمات سے ڈسچارج کرنے کا حکم دے دیا۔
کیس کی سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کی۔ دورانِ سماعت تفتیشی افسر نے کارکنان کی شناخت پریڈ کے لیے مزید مہلت طلب کرتے ہوئے التوا کی درخواست دائر کی۔
کارکنان کے وکیل سردار مصروف نے عدالت کو بتایا کہ گرفتاریوں کو 40 روز سے زائد گزر چکے ہیں، تاہم پولیس ہر پیشی پر کارروائی ملتوی کرنے کی درخواست کرتی ہے اور ملزمان کو بھی عدالت میں پیش نہیں کیا جا رہا۔
وکیل مرتضیٰ طوری نے مؤقف اختیار کیا کہ گرفتار کارکنان بے گناہ ہیں اور انہیں بلاجواز حراست میں رکھا گیا ہے۔ اس موقع پر زاہد بشیر ڈار نے بھی کارکنان کی بے گناہی کا مؤقف پیش کرتے ہوئے عدالت سے سابقہ حکم پر عمل درآمد کرانے کی استدعا کی۔
وکلاء کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے ان کی استدعا منظور کرتے ہوئے تمام کارکنان کو مقدمات سے ڈسچارج کرنے کا حکم جاری کردیا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران گرفتار کارکنان کو تھانہ شالیمار اور تھانہ سیکریٹریٹ میں درج مقدمات کے سلسلے میں شناخت پریڈ کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجا گیا تھا۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔