لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے میں عوامی خدمت اور فلاحی منصوبوں کے ذریعے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق انہوں نے محض دعوے کرنے کے بجائے مستحق افراد کو اپنی چھت فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔لاہور میں سندھ کی انتظامی سروس کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پاکستان نے انہیں عزت اور شناخت دی ہے، جس پر وہ ملک کی شکر گزار ہیں۔ انہوں نے انتظامی سروس کے افسران کو قابلِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ روزانہ ان کے ساتھ مل کر ایک ٹیم کی صورت میں کام کرتی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ وزارتِ اعلیٰ کا منصب صرف سرکاری گاڑی میں دفتر آنے جانے تک محدود نہیں، بلکہ اس کی اصل ذمہ داری عوام کی خدمت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح عوامی فلاح و بہبود ہے اور تمام تر مشکلات کے باوجود وہ روزانہ اسی جذبے کے ساتھ عوامی مسائل حل کرنے کے لیے کام کرتی ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ عوام کی بھلائی کے لیے ہر روز فیصلے کیے جاتے ہیں اور سرکاری عہدے کا تقاضا یہ ہے کہ افسران اپنی ذاتی ترجیحات سے بالاتر ہو کر ذمہ داریاں ادا کریں۔ ان کے بقول دفتر آنا، حاضری لگانا اور مشکل معاملات کو نظرانداز کرکے صرف آسان کاموں پر دستخط کرنا حقیقی سرکاری خدمت نہیں ہے۔
انہوں نے اپنی کابینہ کے بعض ارکان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کچھ وزرا لوگوں کو اپنے پاس بلانے کے باوجود ان کے مسائل پر توجہ نہیں دیتے اور انہیں نظرانداز کر دیتے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سرکاری منصب پر فائز ہونے والے ہر فرد کو عوامی مفاد کو اپنی ذات پر ترجیح دینی چاہیے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب کے انتظامی امور چلانے کے دوران انہیں کبھی کسی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔