کراچی: ملک میں کھاد کی دستیابی بہتر بنانے اور زرعی ضروریات پوری کرنے کے لیے کراچی پورٹ پر چار بحری جہازوں کے ذریعے مجموعی طور پر ایک لاکھ 8 ہزار 277 میٹرک ٹن کھاد پہنچا دی گئی۔ کھاد کی اس بڑی کھیپ سے ملکی زرعی سپلائی چین کو مستحکم بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
کراچی گیٹ وے ٹرمینل پر کھاد سے لدے چار بحری جہاز لنگر انداز ہوئے، جن سے بھاری مقدار میں کھاد اتاری گئی۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) نے مختصر وقت میں کھاد کی ان لوڈنگ کا عمل مکمل کرکے بندرگاہ پر سامان کی ہینڈلنگ کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔
کے پی ٹی کی فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق، ایچ ایس ایل میکسیکو نامی جہاز 9 ہزار 277 میٹرک ٹن پوٹاشیم کھاد لے کر پہنچا، جبکہ ہیپی فاؤنڈر 5 ہزار میٹرک ٹن، آکسن آدم 44 ہزار میٹرک ٹن اور زونگ چینگ ہونگ شینگ 50 ہزار میٹرک ٹن ڈی اے پی کھاد لے کر کراچی پہنچے۔
زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈی اے پی کھاد ربیع کی فصلوں کی بہتر نشوونما اور پیداوار کے لیے اہم کردار ادا کرتی ہے۔ کھاد کی بروقت ترسیل اور مؤثر ہینڈلنگ سے کاشتکاروں کو ضروری زرعی مداخل کی فراہمی میں سہولت مل سکتی ہے، جس سے زرعی پیداوار میں اضافے اور ملک میں غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے میں مدد ملنے کی امید ہے۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔