ممبئی: بالی وڈ کے معروف اداکار ٹائیگر شروف ممبئی میں فائرنگ کے ایک واقعے میں محفوظ رہے، تاہم ان کے ڈرائیور سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کی شام ممبئی کے علاقے جوہو میں نامعلوم افراد نے ٹائیگر شروف کی گاڑی کو نشانہ بناتے ہوئے 3 سے 4 فائر کیے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں اداکار کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، تاہم ان کے ڈرائیور کے بازو پر گولی لگی، جبکہ جائے وقوعہ کے قریب موجود ایک رکشہ ڈرائیور بھی زخمی ہوگیا۔رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ٹائیگر شروف فٹ بال کھیلنے کے بعد گراؤنڈ سے واپس روانہ ہو رہے تھے۔
اداکار کو دیکھنے کے لیے وہاں مداحوں کی بڑی تعداد موجود تھی کہ اسی دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آگیا۔واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ریاست مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ نے پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے، جبکہ ممبئی پولیس نے ملزمان کا سراغ لگانے اور واقعے کی تحقیقات کے لیے متعدد ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
اداکار کے والد اور معروف فلم اسٹار جیکی شروف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ان کا بیٹا خیریت سے ہے اور فائرنگ کے واقعے میں محفوظ رہا۔دوسری جانب واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں ایک شخص نے خود کو لارنس بشنوئی گینگ کا نمائندہ ظاہر کرتے ہوئے فائرنگ کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ تاہم اس دعوے کی آزادانہ تصدیق سامنے آنے تک اسے حتمی حقیقت قرار نہیں دیا جا سکتا۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔