لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ بریسٹ کینسر قابلِ علاج مرض ہے اور اس کی بروقت تشخیص سے علاج کے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ خواتین میں اس مرض سے متعلق آگاہی پیدا کرنا، احتیاطی تدابیر اختیار کرنا اور باقاعدگی سے طبی معائنہ کروانا انتہائی اہم ہے۔بریسٹ کینسر سے آگاہی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ کینسر کے خلاف شعور اجاگر کرنا اور مرض کی ابتدائی مرحلے میں تشخیص یقینی بنانا قیمتی جانیں بچانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
ان کی ہدایت پر پنجاب کے تمام اسپتالوں میں بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ لاہور میں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سینٹر تعمیر کیا جا رہا ہے، جہاں مختلف اقسام کے سرطان کے علاج کی سہولیات فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مجوزہ نواز شریف کینسر ہسپتال میں بریسٹ کینسر کے تمام مراحل سمیت دیگر اقسام کے سرطان کے علاج پر توجہ دی جائے گی۔ مریضوں کو جدید طبی مشینری اور ادویات فراہم کرنے کے ساتھ کینسر پر تحقیق کے لیے جدید لیبارٹری بھی قائم کی جائے گی۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ سرطان کے مریضوں کی جسمانی صحت کے ساتھ ان کی ذہنی اور جذباتی کیفیت کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے ہسپتال میں سائیکاٹری ڈیپارٹمنٹ قائم کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے، جہاں مریضوں کو نفسیاتی معاونت فراہم کی جائے گی۔وزیراعلیٰ کے مطابق پنجاب حکومت کینسر کے مریضوں کو 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بریسٹ کینسر کے مریضوں کا مستند ڈیٹا مرتب کرنے سے علاج کی سہولیات کی منصوبہ بندی اور بہتری میں مدد ملے گی۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں لیڈی ہیلتھ انسپکٹرز بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص کے لیے ضروری معلومات جمع کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے خواتین پر زور دیا کہ وہ اپنے جسم میں ہونے والی کسی بھی غیر معمولی تبدیلی کو نظر انداز نہ کریں اور بروقت ڈاکٹر سے رجوع کریں، کیونکہ جلد تشخیص مرض کے مؤثر علاج کے امکانات بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔