سرکاری حج سکیم کے تحت حج واجبات کی دوسری قسط جمع کرانے کے لیے ایک دن باقی رہ گیا ہے۔ترجمان وزارتِ مذہبی امور نے سرکاری عازمینِ حج کو ہدایت کی ہے کہ وہ 20 اکتوبر تک واجبات کی ادائیگی لازمی مکمل کر لیں۔

ترجمان مذہبی امور کے مطابق عازمینِ حج واجبات کی ادائیگی کے لیے نیشنل آئی ٹی بورڈ کا حج پورٹل یا پاک حج ایپ استعمال کر سکتے ہیں، حج پورٹل پر بینک کارڈ، ون لنک یا دستی بینک چالان کے ذریعے ادائیگی کی سہولت دستیاب ہے۔

ترجمان نے ہدایت کی ہے کہ حج درخواست کی منسوخی سے بچنے کے لیے واجبات مقررہ وقت کے اندر جمع کروائے جائیں۔

وزارتِ مذہبی امور کے مطابق عازمینِ حج کے لیے حج پورٹل پر موجود میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ ڈاؤن لوڈ کر کے ڈاکٹر سے اس کی تصدیق کروانا بھی لازم ہے، تصدیق شدہ میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ حج پورٹل پر اپ لوڈ کرنا ضروری ہے۔