لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ بے روزگاری اور مالی مشکلات بچوں کے نان نفقے کی ادائیگی سے انکار کا جواز نہیں، والد بچوں کے اخراجات پورے کرنے کا پابند ہے۔جسٹس شیریں عمران نے کاشف محمود کی جانب سے بچوں کے نان نفقے اور تحویل سے متعلق دائر درخواست پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے درخواست مسترد کر دی۔
عدالت نے دونوں بچوں کو ماہانہ 35، 35 ہزار روپے خرچہ ادا کرنے اور اس رقم میں ہر سال 10 فیصد اضافے کا سابقہ فیصلہ برقرار رکھا۔ اس کے علاوہ بچوں سے والد کی ملاقات شیڈول کے مطابق کروانے کا حکم بھی برقرار رکھا گیا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ بچوں کی فلاح و بہبود اور تحویل کے معاملے میں ان کے بہترین مفاد کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ عدالت کے مطابق بچوں نے اپنی والدہ کے ساتھ رہنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔درخواست گزار نے فیملی کورٹ اور سیشن کورٹ کے فیصلوں کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا، تاہم عدالت نے بچوں کی حوالگی سے متعلق درخواست مسترد کرتے ہوئے پہلے سے جاری احکامات برقرار رکھے۔