ملک میں سردیوں کی آمد میں تاخیر اور شدید سردی کے دورانیے میں کمی کے رجحانات سامنے آ رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں سردیوں کا باقاعدہ آغاز نومبر میں متوقع ہے، جبکہ اکتوبر کے آخری دنوں اور نومبر کے پہلے ہفتے میں آنے والے موسمی نظام کے بعد درجہ حرارت میں نمایاں تبدیلی کا امکان ہے۔کراچی میں فی الحال گرمی کی شدت برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سمندری ہوائیں بند ہیں اور مغربی سمت سے ہوائیں چل رہی ہیں، جس کے باعث دوپہر کے وقت گرمی معمول سے 3 سے 4 ڈگری زیادہ محسوس ہو سکتی ہے۔ 
شہر میں فی الحال بارش کا کوئی امکان نہیں، جبکہ گرم موسم مزید 8 سے 9 روز برقرار رہنے کی توقع ہے۔ اس دوران درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اکتوبر کراچی کے سال کے دوسرے گرم ترین مہینوں میں شمار ہوتا ہے۔ شہر میں رات کے درجہ حرارت میں کمی شروع ہو چکی ہے، تاہم سردی کا آغاز عموماً 15 دسمبر کے آس پاس ہوتا ہے، جبکہ جنوری کے ابتدائی 10 روز سال کے سرد ترین دنوں میں شامل ہوتے ہیں۔
دوسری جانب لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال بھی تشویش ناک ہے۔ شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس 200 سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق آج مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 8 سے 10 برس کے دوران موسم کے معمولات میں تبدیلی دیکھی گئی ہے۔ اس عرصے میں سردیوں کے تاخیر سے شروع ہونے اور شدید سردی کا دورانیہ کم ہونے کے رجحانات سامنے آئے ہیں۔ماہرین کے مطابق پاکستان میں سردیوں کا عمومی دورانیہ 15 نومبر سے 15 مارچ تک تصور کیا جاتا ہے، تاہم گلوبل وارمنگ، گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج اور فضائی گردش کے نظام میں تبدیلیوں کے باعث درجہ حرارت اور موسمی معمولات متاثر ہو رہے ہیں۔
ان تبدیلیوں کے نتیجے میں شدید سردی کا دورانیہ تقریباً 75 دن سے کم ہو کر 50 دن رہ جانے کی اطلاعات ہیں، جبکہ دن اور رات کے درجہ حرارت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔رواں سیزن کے لیے محکمہ موسمیات کی تین ماہ کی پیش گوئی میں بارشیں معمول کے قریب اور درجہ حرارت معمول سے قدرے زیادہ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے موسمی نظام فضا میں آلودگی کے پھیلاؤ کے لیے نسبتاً سازگار حالات پیدا کر سکتے ہیں۔ تاہم سموگ کی شدت اور دورانیے کا حتمی اندازہ آئندہ موسمی صورتحال کی بنیاد پر ہی لگایا جا سکے گا۔