لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں خفیہ ریکارڈنگ اور جاسوسی کے لیے استعمال ہونے والے آلات کی خرید و فروخت اور استعمال پر 30 روز کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے تحت خفیہ کیمروں سے لیس اسمارٹ عینکوں، ریکارڈنگ پین، کی چین اور دیگر خفیہ ریکارڈنگ ڈیوائسز کے استعمال اور کاروبار پر پابندی نافذ کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق اس پابندی کا اطلاق ان تمام آلات پر ہوگا جن کے ذریعے کسی کی اجازت یا علم کے بغیر تصاویر، ویڈیوز اور آڈیو ریکارڈ کی جا سکتی ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ ایسے آلات کا خفیہ استعمال شہریوں کی نجی زندگی، حساس معلومات اور سیکیورٹی کے لیے خطرات پیدا کر سکتا ہے، جس کے پیش نظر یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔
تاہم پابندی سے لیپ ٹاپ، ٹیبلٹس، موبائل فونز اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے منظور شدہ ٹرمینل آلات کو مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق یہ پابندی صوبے بھر میں 30 روز تک برقرار رہے گی۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔