راجن پور: انڈس ہائی وے پر بنگلہ ہدایت کے قریب مسافر بس حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 9 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 36 مسافر زخمی ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق بس کراچی سے ڈیرہ غازی خان جا رہی تھی کہ بنگلہ ہدایت کے قریب ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر الٹ گئی، جس کے باعث متعدد مسافر زخمی اور جاں بحق ہوئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی سرگرمیاں شروع کردیں۔ امدادی اہلکاروں نے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو جائے حادثہ سے منتقل کرنے کے لیے کارروائیاں انجام دیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں کو علاج کے لیے قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا، جبکہ معمولی زخمیوں کو جائے وقوعہ پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔