لاہور میں ایک شہری کے نام پر 2 ہزار 354 موٹرسائیکلیں، رکشے اور دیگر گاڑیاں رجسٹرڈ ہونے کا حیران کن معاملہ سامنے آیا ہے۔ ان گاڑیوں پر ہزاروں ای چالان جاری ہونے کے ساتھ لاکھوں روپے کے جرمانے بھی واجب الادا ہیں۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ہال روڈ پر جنرل ہولڈ اپ کے دوران گاڑیوں کی نمبر پلیٹس میں ردوبدل کی جانچ کی جا رہی تھی۔
اسی دوران ایک موٹرسائیکل کی ملکیت کی تصدیق کے عمل میں معلوم ہوا کہ محمد عثمان نامی شہری کے نام پر مجموعی طور پر 2 ہزار 354 گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں۔پولیس نے مذکورہ موٹرسائیکل کو تھانہ قلعہ گجر سنگھ منتقل کرکے بند کر دیا ہے، جبکہ گاڑیوں کے اصل مالک کا سراغ لگانے کے لیے سیف سٹی حکام کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ان گاڑیوں کے خلاف اب تک 2 ہزار 813 ای چالان جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ جرمانوں کی مد میں مجموعی طور پر 28 لاکھ 66 ہزار 900 روپے واجب الادا ہیں۔ حکام کی جانب سے گاڑیوں کی ملکیت اور ریکارڈ کی مزید جانچ کی جا رہی ہے۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔