راولپنڈی: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی رہائش گاہ پر چوری کی واردات پیش آئی ہے، جہاں سے چور ایئر کنڈیشنرز، دروازے، کھڑکیاں اور دیگر سامان لے گئے۔پولیس کے مطابق واردات راولپنڈی کے علاقے جاتلی کے گاؤں ڈھوک امب میں واقع راجہ پرویز اشرف کی رہائش گاہ پر ہوئی۔ واقعے کا مقدمہ سابق وزیراعظم کے پرسنل سیکرٹری طیب فضل کی درخواست پر تھانہ جاتلی میں درج کر لیا گیا ہے۔
درج مقدمے کے مطابق چور رہائش گاہ سے 3 ایئر کنڈیشنرز، 2 دروازے، 2 کھڑکیاں، قالین، کراکری، آرائشی اشیا اور گھاس کاٹنے والی مشین لے گئے۔ واردات کے بعد گھر کے مختلف مقامات پر تالے ٹوٹے ہوئے بھی پائے گئے۔ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم کی رہائش گاہ پر تعینات ایک گھریلو ملازم مبینہ طور پر غائب ہے۔
ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کے مطابق مذکورہ ملازم گزشتہ رات سے موجود نہیں، جبکہ اس کا موبائل فون بھی بند جا رہا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق چوری ہونے والے سامان کی مجموعی مالیت تقریباً 2 لاکھ 70 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ غائب ملازم کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔