لاہور: پنجاب حکومت نے علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی کی نظربندی کی مدت میں مزید 30 روز کی توسیع کردی ہے۔لاہور ہائیکورٹ میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی بہنوں کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس عبہر گل خان نے کیس کی سماعت کی، جس کے دوران سیکرٹری داخلہ پنجاب اور کوٹ لکھپت جیل کے سپرنٹنڈنٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران سیکرٹری داخلہ پنجاب کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ تینوں خواتین کی نظربندی میں مزید 30 روز کا اضافہ کردیا گیا ہے۔سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ڈپٹی کمشنر نے پنجاب حکومت کو نظربندی میں توسیع کی سفارش بھیجی تھی، جس کے بعد حکومت نے 7 اکتوبر کو اس مدت میں مزید توسیع کی منظوری دی۔
اس موقع پر عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کی توجہ اس جانب مبذول کرائی کہ نظربندی کا نوٹیفکیشن ڈپٹی کمشنر نے جاری کیا تھا، لیکن انہیں درخواست میں فریق نہیں بنایا گیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ عدالت درخواست میں شامل استدعا سے ہٹ کر کوئی حکم جاری نہیں کرسکتی۔بعد ازاں لاہور ہائیکورٹ نے سیکرٹری داخلہ پنجاب کی رپورٹ کی روشنی میں درخواست نمٹا دی۔