پنجاب کے وزیر برائے اقلیتی امور اور چیئرمین پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت سنگھ مان کو پاکستان آنے کی باضابطہ دعوت دے دی۔ ان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی بھارتی ہم منصب کو خوش آمدید کہنے کی خواہش مند ہیں۔سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے پاکستان کو امن، قدرتی حسن اور بین المذاہب ہم آہنگی کی مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں مسلمان، ہندو، سکھ اور مسیحی برادریوں کو یکساں شہری حقوق حاصل ہیں۔
انہوں نے وزیراعلیٰ بھگونت سنگھ مان کے ساتھ بھارتی پنجاب اسمبلی کے ارکان کو بھی پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔ اس موقع پر انہیں کرتارپور صاحب سمیت دیگر مذاہب کے مقدس مقامات کی زیارت اور پاکستان میں مذہبی آزادی کا مشاہدہ کرنے کی پیشکش بھی کی گئی۔وزیر اقلیتی امور کے مطابق پاکستان کا آئین تمام شہریوں کے لیے مساوی حقوق کی ضمانت فراہم کرتا ہے، جبکہ ملک امن، برداشت اور مختلف مذاہب کے درمیان ہم آہنگی کا پیغام دیتا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت سنگھ مان نے تصدیق کی تھی کہ انہیں 27 نومبر کو لاہور میں منعقد ہونے والی عالمی پنجابی کانفرنس میں شرکت کی دعوت موصول ہوئی ہے۔ ان کے مطابق کانفرنس کے منتظمین نے انہیں لاہور آنے اور میزبانی کی پیشکش کی ہے۔بھگونت سنگھ مان کا کہنا تھا کہ دونوں خطوں کی ثقافت مشترک ہے اور ان کے شاعر سمیت دیگر افراد بھی لاہور کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے خود بھی لاہور آنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔