ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کا امیگریشن سسٹم تقریباً ایک گھنٹے کی بندش کے بعد بحال ہوگیا، تاہم اس دوران مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور بین الاقوامی پروازوں کی روانگی بھی متاثر ہوئی۔کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت ملک کے مختلف ہوائی اڈوں پر امیگریشن نظام اچانک معطل ہوگیا تھا، جس کے باعث مسافروں کی امیگریشن کا عمل عارضی طور پر رک گیا۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق سسٹم کی بندش کے دوران ایف آئی اے کے امیگریشن کاؤنٹرز پر مسافروں کا رش بڑھ گیا اور طویل قطاریں لگ گئیں۔ حکام نے بتایا کہ تکنیکی تعطل کے باعث ملک بھر کے ایئرپورٹس پر امیگریشن نظام بیک وقت متاثر ہوا۔امیگریشن سروس معطل ہونے سے بین الاقوامی پروازوں کی روانگی میں بھی رکاوٹیں پیش آئیں۔
حکام کے مطابق تقریباً ایک گھنٹے بعد نظام کی بحالی کا عمل شروع ہوا اور سروس بتدریج معمول پر آگئی۔دوسری جانب ایف آئی اے حکام سے رابطہ کرنے کے باوجود سسٹم کی بندش کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔ذرائع کے مطابق اس سے تقریباً دو ہفتے قبل بھی کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کا امیگریشن نظام بند ہونے کا واقعہ پیش آیا تھا۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔