وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے مابین طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو تینوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ترکیہ کے یومِ جمہوریہ کی 103ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے صدر رجب طیب اردوان، ترک حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت کی جارحیت کے دوران ترکیہ کی جانب سے پاکستان کی بھرپور حمایت نے پاکستانی عوام کے حوصلے بلند کیے، جبکہ ترکیہ کے اس دوستانہ کردار کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ صدر رجب طیب اردوان کی دانشمندانہ قیادت میں ترکیہ نے عالمی سطح پر اپنی نمایاں حیثیت مستحکم کی ہے۔ 
معیشت، دفاعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے حوالے سے ترکیہ نے قابلِ ذکر کامیابیاں حاصل کی ہیں۔انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو تاریخی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ تینوں ممالک کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے، باہمی تعاون اور خطے میں امن و استحکام کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔