وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ بہتر معیارِ زندگی اور روزگار کے مواقع کی وجہ سے لوگ پنجاب کا انتخاب کرتے ہیں۔لاہور میں اسٹروک کارڈز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ فالج کے مریضوں کے لیے بروقت طبی امداد انتہائی ضروری ہے، کسی بھی مریض کا علاج مالی وسائل کی کمی کے باعث متاثر نہیں ہونا چاہیے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ فالج کے علاج میں استعمال ہونے والا انجیکشن انتہائی مہنگا ہے، جس کی قیمت تقریباً 3 لاکھ روپے ہے اور عام شہریوں کے لیے اسے خریدنا مشکل ہے۔
اسی لیے پنجاب حکومت نے چند ماہ کے دوران 40 اسٹروک سینٹرز قائم کیے ہیں، جہاں مریضوں کو یہ انجیکشن مفت فراہم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ لاہور میں جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی جبکہ سرگودھا میں جدید سہولیات سے آراستہ اسپتال قائم کیا گیا ہے۔ لاہور میں کینسر اسپتال بھی جلد کام شروع کر دے گا، جبکہ صوبے کے ہر ڈویژن میں کینسر سینٹرز قائم کرنے کا منصوبہ جاری ہے۔ اس کے علاوہ 20 اضلاع میں ہیلتھ لیبارٹریز بھی بنائی جا رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں شعبہ صحت کی بہتری کے لیے وسیع پیمانے پر اقدامات کیے جا رہے ہیں اور سرکاری اسپتالوں میں طبی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔مریم نواز کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران 10 کروڑ افراد نے سرکاری اسپتالوں سے علاج کی سہولت حاصل کی، جبکہ اتنی ہی تعداد میں لوگوں کو مفت ادویات فراہم کی گئیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صوبے میں اب تک 16 ہزار بچوں کی دل کی سرجری بھی کی جا چکی ہے۔